استعمال شدہ فیس ماسک سے سستی اور طاقت ور بیٹریاں تیار
عالمگیر وبا کورونا نے بنی نوع انسان کو حفظان صحت اور پرسنل ہائیجین کی طرف راغب کردیا۔
کووڈ 19 سے تحفظ کے لیے لوگوں میں پی پی ای( پرسنل پروٹیکشن ایکوئپمنٹس) کے استعمال میں اضافہ ہوا۔ جن میں سب سے زیادہ استعمال فیس ماسک کا کیا گیا۔
بلا شبہ فیس ماسک نے کورونا سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کیا لیکن اسے موثر طریقے سے تلف کرنے کے طریقے سے لاعلمی نے ایک نیا ماحولیاتی خطرہ پیدا کردیا۔ جسے آج ہم ’ فیس ماسک آلودگی‘ کے نام سے جانتے ہیں۔
2020 میں اس حوالے سے کی گئی ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا تھا کہ کورونا وبا کے دوران 52 ارب فیس ماسک بنائے گئے جن میں سے ایک ارب 566 کروڑ ماسک استعمال کے بعد سمندر کا حصہ بن گئے۔
آلودگی کی اس نئی شکل کے سد باب کے لیے استعمال شدہ فیس ماسک کی ری سائیکلنگ کے لیے سڑکوں کی تعمیرجیسے طریقے بھی استعمال کیے گئے۔
تاہم روس کی نیشنل یونیورسٹی برائے سائنس اور ٹیکنالوجی ( ایم آئی ایس آئی ایس) کے سائنس دانوں نے استعمال شدہ ماسک کو کم لاگت، لچک دار، ڈسپوزایبل اور بہترین کارکردگی کی حامل بیٹریوں میں تبدیل کرنے کا منفرد طریقہ ایجاد کر لیا۔
ماسک سے بیٹریاں بنانے کی یہ تحقیق سائنس جریدے ’ جرنل آف انرجی اسٹوریج‘ میں شائع ہوئی ہے۔
استعمال شدہ فیس ماسک کو ری سائیکل کرنے کے لیے ریسرچرز نے سب سے پہلے انہیں گریفین سے بنی انک میں ڈبو کر جراثیم سے پاک کیا۔
پھر ان ماسک کو کمپریس کرکے 284 ڈگری فارن ہائٹ ( 140 ڈگری سینٹی گریڈ) پر بیٹری کے لیے الیکٹروڈز ( برقیرے) کے طور پر کام کرنے والے چھرے بنائے گئے۔
ان چھروں کو استعمال شدہ ماسک سے ہی بنی انسولیٹنگ پرتوں سے علحیدہ کیا گیا۔
آخری مرحلے میں ان تمام چیزوں کو ایک الیکٹرولائٹ ( ایک کیمیائی محلول جو آئن میں تبدیل ہو کر برقی رو گزرنے کی اجازت دیتاہے) میں جذب کرنے کے بعد ایک خول میں لپیٹ دیا گیا۔
یہ خول بھی ادویات کی پیکنگ میں استعمال ہونے وال بلسٹر سے بنایا گیا تھا۔
اس تحقیق کے سربراہ پروفیسر انوار سخی دوف کا کہنا ہے کہ طبی فضلے سے تیار ہونے والی بیٹری سے ہم نے 99.7 واٹ آور فی کلو گرام توانائی حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ روایتی دھاتی اور بھاری بیٹریوں کے برعکس یہ وزن میں ہلکی اور 10 گھنٹے سے زائد تک 0.54 وولٹ بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
استعمال شدہ فیس ماسک سے بننے والی ان کم وزن ، لچک دار اور کم خرچ بیٹریوں نہ صرف ڈسپوزایبل ہیں بلکہ انہیں لیمپ اور اس نوعیت کی دیگر گھریلو برقی مصنوعات میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے