فیس بک کا تمام صارفین کی پروفائل لوپ ویڈیو ہٹانے کا اعلان
فیس بک نے کہا ہے کہ اگلے ماہ سات فروری کے بعد بہت سارے صارفین کی پروفائل لوپ ویڈیو ہٹادی جائیں گی اور اسے ایک ساکت تصویر کی صورت میں نمایاں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سال 2015 میں فیس بک نے اپنی ایپ پر صارفین کو سات سیکنڈ کی پروفائل ویڈیو کی سہولت پیش کی تھی لیکن اب اسے ختم کیا جارہا ہے۔ غالباً اس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ یہ کوئی پراثر تجربہ نہ تھا۔
اس کا سب سے پہلا انکشاف سوشل میڈیا تجزیہ نگار میٹ نوارا اور اینڈریو کری نے کیا ہے۔ پروفائل ویڈیو میں صارفین نے اینی میشن بھی شامل کررکھی تھی لیکن اب اسے ساکت تصویر کی صورت میں ہی دیکھنا ممکن ہوگا۔
میٹ نوارا کے مطابق فیس بک پر رہنے والے افراد کی اکثریت نے اسے استعمال نہیں کیا اور شاید اسی عدم دلچسپی کی وجہ سے اسے ختم کیا گیا ہے۔ اس کا ایک اشارہ گزشتہ برس سے ملتا ہے جب فیس بک نے عندیہ دیا تھا کہ وہ پروفائل ویڈیو کو ختم کرنے کا سوچ رہا ہے۔
اب اسے مکمل طور پر ختم کیا جارہا ہے۔ اب یہ ممکن ہے کہ اس بطور پروفائل تصویر یا جامد عکس کے طور پر پیش کیا جائے گا لیکن اس کے لیے آپ کو 7 فروری تک کا انتظار کرنا ہوگا۔ لیکن اب بھی فیس بک کا خیال ہے کہ اس سے صارفین پر کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔
بعض فنکاروں نے اپنی فلموں اور گیم شو وغیرہ کی ویڈیو کا لوپ بنا کر اسے ویڈیو پروفائل کی صورت میں پیش کیا ہے۔ لیکن تجزیہ نگاروں کے مطابق فیس بک اس کا بہتر متبادل بھی پیش کرسکتا ہے۔